الیکشن ڈیوٹی سے واپسی ، سیالکوٹ پو لیس کی بس کو حادثہ

 الیکشن ڈیوٹی سے واپسی ، سیالکوٹ پو لیس کی بس کو حادثہ

چلاس کے قریب حادثے میں 3 اہلکار زخمی ،خستہ حال بسیں ،اوور لوڈنگ کی شکایات

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ) گلگت بلتستان الیکشن ڈیوٹی سے واپسی پر پٹرولنگ پولیس سیالکوٹ کی بس چلاس کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی،حادثے کے نتیجے میں پٹرولنگ پولیس کے 3 اہلکار عنصر سیال، رضوان گھمن اور ملک جمیل معمولی زخمی ہوئے جبکہ بس میں سوار دیگر تمام اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ خصوصی ڈیوٹیوں پر بھیجے جانے والے ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ گلگت اور سکردو الیکشن ڈیوٹی کے لیے استعمال ہونے والی بعض بسیں خستہ حال تھیں، بعض گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ اہلکار سوار کئے گئے تھے جس کی وجہ سے طویل سفر کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اہلکاروں نے بتایا کہ انہیں تقریباً 48 گھنٹے مسلسل سفر کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ 5 جون کو بھی گلگت جاتے ہوئے ایک بس بریک فیل ہونے سے حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں پٹرولنگ پولیس لاہور ریجن کی نفری معجزانہ طورپر محفوظ رہی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں