سمبڑیال :دودھ ،دہی کے نام پرمضر صحت محلول فروخت
شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )دودھ اور دہی کے نام پرمضر صحت محلول فروخت ہونے لگا، شہریوں کی صحت خطرے میں پڑ گئی۔سمبڑیال شہر اور گردونواح میں مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ و دہی کی فروخت کا دھندا عروج پر پہنچ گیا ہے جس کے باعث شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں سے آنے والے بعض گوالے اپنے ڈیروں پر دودھ میں گندا پانی، مصنوعی کیمیکلز اور دیگر مضر صحت اجزا شامل کرکے اسے خالص دودھ کے نام پر فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ کی مقدار بڑھانے اور ظاہری معیار بہتر دکھانے کیلئے مختلف کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ایسے دودھ اور دہی کے مسلسل استعمال سے معدے ، جگر، گردوں اور آنتوں کی متعدد بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ بچوں کی جسمانی نشوونما بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ فوڈ سیفٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر چیکنگ نہ ہونے کے باعث ملاوٹ مافیا بلا خوف و خطر اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ سپلائی کرنے والے مراکز، ڈیری فارموں اور دہی تیار کرنے والے یونٹس کیخلاف کارروائی کی جائے ۔