کامونکے :حبیب پورہ فیڈر کی دن،رات لوڈ شیڈنگ جاری
مرمت کے نام پر پرمٹوں کی بھرمار ہونے کے باوجود ترسیلی نظام بہتر نہ ہو سکاصارفین اذیت کا شکار،مسئلہ جوں کا توں،حکام سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ
کامونکے (نامہ نگار)پاک ٹاؤن کے رہائشی حبیب پورہ فیڈر کے صارفین دن،رات لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا شکار ،سارا دن وقفے وقفے سے لوڈ شیڈنگ ہوتی رہتی ہے جبکہ سلسلہ ساری رات جاری رہتا ہے ، مسجد اللہ ہو اکبر اہلحدیث اور گرد و نواح میں موسم سرما کے دوران مرمت کے نام پر پرمٹوں کی بھرمار ہونے کے باوجود ترسیلی نظام میں ذرا بھی بہتری نہ آ سکی،تھوڑی سی ہوا چلنے اور ہلکی بارش میں فوری بجلی بند کر دی جاتی ہے جبکہ چند میٹر کے فاصلے پر دوسرے فیڈر کے صارفین اس عذاب سے محفوظ رہتے ہیں ،اب موسم میں شدت آتے ہی ترسیلی نظام بار با ر جواب دینے لگا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر تھوڑے فاصلے پر بارش اور ہوا کا ترسیلی نظام پر کوئی فرق نہیں پڑتا تو ہمیں اس عذاب میں کیوں مبتلا رکھا جا رہا ہے ،گزشتہ کچھ دنو ں سے بار بار آنکھ مچولی سے معمولات زندگی جام ہو کر رہ گئے جبکہ اب بھی مسٔلہ جوں کا توں ہے ،صارفین نے دہائی دیتے ہوئے حکام سے کہا خدارا ترسیلی نظام بہتر بنا کر شدید گرمی کے موسم میں ہماری زندگیوں میں آسانی پیدا کی جائے ۔