سیالکوٹ:جلوس روٹس پر ہیٹ سٹروک کیمپس قائم
ضلع بھر میں 12کلینکس آن ویلز متحرک،ڈپٹی کمشنر کا کنٹرول روم کا دورہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے الرٹ اور فیلڈ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں اور ہیٹ سٹروک کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے ضلع بھر میں 12کلینکس آن ویلز متحرک ہیں جن پر ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود رہے گا۔ ان میں 4کلینکس تحصیل سیالکوٹ، 3ڈسکہ، 3 پسرور اور 2سمبڑیال میں خدمات سرانجام دیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محرم الحرام کنٹرول روم دفتر ڈپٹی کمشنر میں یکم محرم سے 24گھنٹے فعال ہے ۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کیلئے 1718 اور 052-9250011پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ نویں محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوں۔