ریجن میں 16ہزار اہلکار ، چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات

ریجن میں 16ہزار اہلکار ، چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات

جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے کیمروں اور ڈرون سرویلنس کا استعمال ہوگا

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) یومِ عاشور کے موقع پر گوجرانوالہ ریجن میں امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ،ریجن بھر میں 16 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے انتظامات مکمل ہیں۔گوجرانوالہ ریجن میں یومِ عاشور کے موقع پر مجموعی طور پر 362 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جن میں کیٹیگری اے کے 47، بی کے 61 اور سی کے 254 جلوس شامل ہیں۔ اسی طرح 301 مجالسِ عزا منعقد ہوں گی جن میں کیٹیگری اے کی 21، بی کی 30 اور سی کی 250 مجالس شامل ہیں۔ تمام جلوسوں اور مجالس کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سکیورٹی انتظامات کے تحت 133گزٹڈ افسر ، 2ہزار 693اپر سبار ڈ ینیٹس، 14 ہزار 148 لوئر سبارڈینیٹس کے علاوہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے ۔آر پی او خرم شہزاد نے بتایا کہ حساس مقامات، بلند عمارتوں اور جلوسوں کے روٹس پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے جبکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون سرویلنس کا بھی استعمال کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کی حفاظت کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سرچ اینڈ چیکنگ اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں