وزیر اعلیٰ کے نمائندے کا ڈی ایچ کیوہسپتال کا دورہ‘ شکایات
کاؤنٹرز پر پرچی، ادویات حصول کیلئے مشکلات پر ایم ایس سمیت ڈاکٹرزکی سرزنش
حافظ آباد(نمائندہ دنیا،نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب کے نمائندے کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ،مریضوں نے شکایتوں کے انبار لگادیئے ۔وزیر اعلیٰ کے نمائندہ نے ایم ایس سمیت ڈاکٹرز کی سخت سرزنش کی۔وزیر اعلیٰ کے نمائندہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا او روہاں مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات کی رپورٹ مرتب کی۔اس دوران مریضوں نے بتایا کہ انہیں ہسپتال کے کاؤنٹرز پر پرچی کے حصول کیلئے کئی کئی گھنٹے لائنوں میں لگے رہنا پڑتاہے ، جبکہ میڈیسن کا حصول بھی امتحان بناہواہے ۔ وزیراعلیٰ کے نمائندہ نے کئی ڈاکٹرز کی کوتاہی اور غفلت پر انکی سرزنش کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسرو واہلکار بے شمار مریضوں کو وزیر اعلیٰ کے نمائندہ کے روبرو پیش ہوکر شکایت کرنے سے روکتے بھی دکھائی دیئے ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹراما سنٹرکی حالت دن بدن بگڑرہی ہے جس سے علاج معالجہ کی سہولیات حاصل کرنا محال ہوتاجارہاہے ، جس کا وزیر اعلیٰ مریم نواز کو فوری نوٹس لینا چاہئے اورغریب مریضوں کو علاج معالجہ کی ہرممکن سہولیات فراہم کرنی چاہئے ۔