غرض سے پاک خدمت ہی انسانیت کی معراج :بلال فاروق
الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کے زیراہتمام فری آئی کیمپ کے آخری روز وزٹ پرگفتگو
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)غرض وغایت سے پاک خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے ،وزیرآباد کی دھرتی کی تاثیر میں شامل ہے کہ یہاں بسنے والا ہر فرد انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے ۔الشفاآئی ٹرسٹ ہسپتال راولپنڈی کے ماہر ومایہ ناز ڈاکٹرز ودیگر سٹاف کی شبانہ روز محنت سے انجمن بہبودی مریضان کی معاونت سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد میں آنکھوں کے امراض بارے آگاہی اور علاج معالجہ کے تین روزہ کیمپ کا انعقاد ممکن ہوا ۔ان خیالات کا اظہار ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے فری آئی کیمپ کے آخری روز وزٹ کے موقع پرکیا ۔ اس موقع پر الشفا آئی ٹرسٹ کے ڈاکٹر نجم الحسنات ،ڈاکٹر حسن رضا گلزار لنگڑیال ،ڈاکٹر حسین رضا ،ڈاکٹر عبد اللہ ایوب ،ڈاکٹر نداحفیظ ،ڈاکٹر ثمرین ،ڈاکٹر مریم ضیاء ،راجہ راحیل ،امتیاز اظہر باگڑی ، ناصر محمود ،طاہر رفیق منہاس ،افتخار صدیقی ،افتخار بٹ ،مہر الیاس ودیگر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی جنرل منیجرالشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹر حسن رضا گلزار لنگڑیال نے کہا کہ وزیرآباد میں تین روزہ کیمپ میں او پی ڈی میں3263 مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی سفید موتیے کے 237مریضوں کے فیکو مشین سے لیزر آپریشن کئے گئے ،2375مریضوں کو آنکھوں کی ادویات اور 1297جنرل مریضوں کو ادویات فراہم کی گئیں ،1560مریضوں کو عینکیں ،پیچیدہ امراض کے 406مریضوں کوالشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال راولپنڈی ریفر کیا گیا ۔