کرپشن ، فرائض میں غفلت ،10پولیس افسر و اہلکار برطرف
5کے رینک میں تنزلی ،محکمانہ انکوائریوں میں الزامات ثابت ہونے پر سزائیں
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ پولیس میں 10اہلکار نوکریوں سے برطرف، 5 کے رینک میں تنزلی کر دی گئی ۔ سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے محکمانہ احتساب کے عمل کو مؤثر بناتے ہوئے مختلف الزامات ثابت ہونے پر 15پولیس افسر وں و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق ان اہلکاروں کے خلاف جوئے کے اڈے پر کارروائی میں مبینہ بے ضابطگی، ناقص اور غیر مؤثر تفتیش، رشوت ستانی، منشیات فروشوں کے خلاف مبینہ غفلت اور ڈیوٹی سے غیرحاضری سمیت مختلف الزامات کی محکمانہ انکوائریاں کی گئیں جن میں الزامات ثابت ہونے پر سزائیں سنائی گئیں۔انسپکٹر ندیم خالد بھٹہ کو جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران متعدد افراد کی گرفتاری اور 33 لاکھ روپے کی برآمدگی کے معاملے میں مبینہ طور پر اعلیٰ افسر وں سے اہم معلومات چھپانے ، ضروری حقائق روکنے اور گرفتار افراد کو غیرقانونی حراست میں رکھ کر مبینہ ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے الزام پر انسپکٹر سے سب انسپکٹر کے عہدے پر تنزلی کی سزا دی گئی۔ سب انسپکٹر امتیاز شاہین کو مقدمہ نمبر 403/26 تھانہ صدر کامونکی میں مبینہ ناقص، غیرمنصفانہ اور غیرنتیجہ خیز تفتیش پر سب انسپکٹر سے اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی کر دی گئی۔سب انسپکٹر فاروق احمد کو گرفتار ملزم سے برآمد ہونے والا موبائل فون متعلقہ ادارے کے حوالے نہ کرنے اور کیس پراپرٹی کو مناسب طریقے سے محفوظ نہ رکھنے کے الزام پر سب انسپکٹر سے اے ایس آئی بنا دیا گیا۔ ایس آئی نوید اختر کو مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت لینے اور جھوٹے و بے بنیاد مقدمے کے اندراج میں سہولت کاری کے الزام پر سب انسپکٹر سے اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی کی سزا سنائی گئی۔ہیڈ کانسٹیبل اعزاز عارف کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے غیرقانونی رقم وصول کرکے قانونی کارروائی کے بغیر مشتبہ شخص کی رہائی میں سہولت کاری کے الزام پر ہیڈ کانسٹیبل سے کانسٹیبل کے عہدے پر تنزلی کر دی گئی۔کانسٹیبل محمد منظور کو مبینہ طور پر 6 لاکھ روپے غیرقانونی رقم وصول کرکے ملزمان کو ناجائز فائدہ پہنچانے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
کانسٹیبل مبشر کو تھانہ سول لائنز کی حدود میں منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر نگرانی نہ رکھنے پر ملازمت سے فارغ کیا گیا جبکہ کانسٹیبل طارق نواز کو معطلی کے بعد پولیس لائنز وزیرآباد میں رپورٹ نہ کرنے اور مسلسل غیرحاضری پر برطرف کردیا گیا۔ڈرائیور کانسٹیبل شوکت جمیل کو مبینہ بدسلوکی اور منشیات کے استعمال سے متعلق الزامات پر محکمانہ کارروائی کے بعد ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ کانسٹیبل محمد رضوان، قیصر شہزاد، محمد عمران قیصر، عبدالباسط اور واجد علی کو آزاد کشمیر کے 2026 کے انتخابات کے سلسلے میں خصوصی لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر روانہ کیا گیا تھا، تاہم مقررہ ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے اور متعلقہ اجازت کے بغیر غیرحاضر رہنے پر پانچوں اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔اسی طرح کانسٹیبل افتخار احمد کو محرم الحرام کے پورے مہینے کے دوران خصوصی ڈیوٹی سے غیرحاضری پر ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments