وزیرآباد مین بازار:تجاوزات کیخلاف کارروائی ، دکانیں سیل
متعدد دکانداروں کو جرمانے اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی وارننگ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مین بازار وزیرآباد میں تجاوزات کے خلاف پیرا فورس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دیں جبکہ دیگر دکانداروں کو خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق جرمانے اور وارننگ جاری کر دی گئی۔ مین بازار میں بعض دکانداروں کی جانب سے دکانوں کا سامان مقررہ حدود سے باہر سڑک اور فٹ پاتھ پر رکھنے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ پیرا فورس کے انچارج حمزہ منیر، جنید افضل، حمزہ نعیم، امتیاز حسین اور دیگر اہلکاروں نے متعدد بار دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے اور اپنی دکانوں کی حدود میں رہنے کی ہدایت کی تاہم مبینہ طور پر بعض دکانداروں نے ہدایات پر عملدرآمد نہ کیا جس پر پیرا فورس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دیں جبکہ دیگر دکانداروں کو جرمانے اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی۔پیرا فورس وزیرآباد کے انچارج نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، کسی ریڑھی بان کو بازار میں اور دکاندار کو مقررہ حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments