مقدمہ قتل میں مبینہ جعلسازی‘2پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ
مقدمہ کی تفتیش کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی تھیں
گجرات (نامہ نگار) مقدمہ قتل کی تفتیش میں مبینہ جعلسازی، ریکارڈ میں بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے انکشاف پر ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے کارروائی کرتے ہوئے سابق تفتیشی افسر سب انسپکٹر احمد نواز اور سابق محرر ہیڈ کانسٹیبل محمد بلال کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ذرائع کے مطابق تھانہ صدر گجرات میں درج مقدمہ قتل کی تفتیش کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آنے پر باقاعدہ انکوائری کرائی گئی، جس کی رپورٹ میں تفتیشی عمل اور ریکارڈ میں متعدد بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق مقدمہ قتل میں بیرون ملک روپوش ایک اشتہاری ملزم کو مبینہ طور پر بے گناہ قرار دینے کا معاملہ بھی سامنے آیا، جبکہ مقدمے کے تفتیشی ریکارڈ میں بھی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقدمے کے چالان پر ایس ایچ او کے مبینہ جعلی دستخط کرکے اسے عدالت میں جمع کرایا گیا۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سابق تفتیشی افسر سب انسپکٹر احمد نواز اور سابق محرر ہیڈ کانسٹیبل محمد بلال کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments