مصطفی آباد روڈ زیر تعمیر، ٹھیکیدار غائب، شہری پریشان
نشاندہی کے باوجود ٹھیکیدار اور نیسپاک حکام خاموش،فوری بحالی کامطالبہ
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار) مصطفی آباد روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد ٹھیکیدار تین ماہ سے غائب ہے ، جس کے باعث اہم شاہراہ پر کاروبار معطل اور شہری اذیت کا شکار ہیں۔ شہر کی یہ اہم سڑک 40 دیہات کو شہر اور بیر نوالہ انٹرچینج سے ملاتی ہے ، لیکن ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث لاکھوں افراد کے لیے عذاب بن چکی ہے ۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں، جہاں سے گزرنا محال ہے ۔ ٹھیکیدار کی جانب سے پانی کا چھڑکاؤ بھی نہیں کیا جا رہا، جس سے دن رات گرد و غبار کے بادل چھائے رہتے ہیں اور سڑک کے اطراف رہنے والے افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی کے عملے کی غفلت کے باعث گندگی سے بھرے نالے کا پانی بھی سڑک پر بہہ رہا ہے ، جس سے جگہ جگہ دلدل بن چکی ہے ۔ اس صورت حال کے باعث مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں اور میڈیا نمائندوں کی جانب سے متعدد بار انتظامیہ کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، لیکن ٹھیکیدار اور کام کی نگرانی کرنے والے نیسپاک کے حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سے سڑک کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments