ڈپٹی کمشنر کا ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ
مریضوں اور لواحقین سے بھی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سینٹر، ایمرجنسی وارڈ اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈیز) سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، دیکھ بھال، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ تمام ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ڈیوٹی ذمہ داری اور باقاعدگی سے انجام دے ، ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی سمیت انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کے معیار کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments