حافظ آباد:واجبات کی عدم ادائیگی پر سینٹری ورکرز کی ہڑتال
شہر بھر میں صفائی کا کام بند ، فوارہ چوک میں جمع ہو کر پرامن احتجاج ریکارڈ
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ستھرا پنجاب پروگرام کے سینکڑوں سینٹری ورکرز گزشتہ ایک ماہ کی تنخواہ اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ ورکرز نے گزشتہ روز علی الصبح مکمل ہڑتال کرتے ہوئے شہر بھر میں صفائی کا کام بند رکھا اور فوارہ چوک میں جمع ہو کر پرامن احتجاج ریکارڈ کروایا۔احتجاجی ورکرز کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ ایک ماہ کی تنخواہ ادا نہیں کی جا رہی، جبکہ رواں ماہ کی تنخواہ سے بھی ہزاروں روپے کی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے ۔ رکی ہوئی تنخواہوں میں سے چند ہزار روپے ادا کیے گئے ہیں، جبکہ متعدد ورکرز کی تنخواہوں سے کٹوتیاں بھی کی گئی ہیں، جن کی کوئی وضاحت نہیں دی جا رہی۔ورکرز نے الزام عائد کیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی حافظ آباد ان سے پورا کام لے رہی ہے ، لیکن تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔ پہلے ہی ان کے بقایا جات ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹھیکیدار کمپنی ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذمے ہیں، جو تاحال ادائیگی نہیں کر رہی۔ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو وہ ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا کام چھوڑ کر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔ بعدازاں ورکرز پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments