بری امام و دیگر علاقوں سے 900کنال اراضی واگزار
شہریوں کے جائز مطالبات کا جائزہ لیکر انہیں سہولیات دیں، چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کیخلاف اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں ڈپلومیٹک انکلیو اور اس سے ملحقہ علاقوں اور بری امام سابق مسلم کالونی میں حال ہی میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کے دوران 900کنال سے زائد سرکاری زمین غیر قانونی قابضین سے واگزار کروائی گئی۔ انہوں نے کہا جن افراد کے پاس قانون کے مطابق ملکیتی حقوق سے متعلق کوئی بھی دستاویز ہے تو وہ سی ڈی اے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کے جائز مطالبات کا قانون کے مطابق جائزہ لیکر انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔