جناح میڈیکل کمپلیکس تعمیر و آپریشن کیلئے دو کمپنیاں بنانے کافیصلہ
تعمیر کیلئے کنسٹرکشن کمپنی اور ہسپتال و ریسرچ کے آپریشن کیلئے الگ کمپنی بنے گی پالیسی قواعد ایچ آر نظام سمیت تمام ضوابط فروری 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کوتعمیر اور آپریشن کے لیے دو الگ کمپنیوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارتِ قومی صحت کے مطابق جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے جناح میڈیکل کمپلیکس کنسٹرکشن کمپنی جبکہ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے آپریشن کے لیے جناح میڈیکل کمپلیکس آپریشنل کمپنی قائم کی جائے گی۔ دونوں کمپنیاں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے ماتحت کام کریں گی۔وزارتِ قومی صحت دونوں کمپنیوں کے لیے علیحدہ ملازمین کی تقرری کرے گی اور ان کی قانونی حیثیت کے تعین کے لیے الگ قواعد منظور کیے جائیں گے ۔ وزارت نے تعمیر اور آپریشن سے متعلق پالیسی، قواعد، ایچ آر پالیسی اور ایچ آر کوالٹی پالیسی سمیت تمام لازمی ضوابط کی تیاری فروری 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے لیے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیت اہم اسامیوں پر تقرری کا عمل جاری ہے ۔