بلدیاتی الیکشن ملتوی ،15فروری کو احتجاجی مظاہرہ ہوگا ،نصراللہ رندھاوا
آئین کا قتل کیا گیا ،20مقامات پر احتجاج ہوگا ،الیکشن کمیشن ذمہ داریاں پوری کرے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا نو ٹیفکیشن منسوخ کرے ، انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کرائے جائیں ، 15 فروری کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوئے تو جماعت اسلامی اسی روز کے لیے بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرکے آئین کا قتل کیا گیا ہے ۔بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف اسلام آباد کے 20 مقامات پر بڑے احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہما ایوب، عامر نواز ، تحسین خالد ودیگررہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد کے دفتر میلوڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ مختلف بہانوں کے ساتھ بلدیاتی الیکشن ملتوی کئے جارہے ہیں اسلام آباد کے عوامی کا ان کے بنیادی،جمہوری حق سے مسلسل پانچ سال سے محروم کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ آئین کے تحت بلدیاتی الیکشن کرانا حکومت کے لیے لازمی ہیں حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ بلدیاتی الیکشن نہ کروائے ۔ اسلام آباد میں ٹیکس لگانے کا اختیار ایم سی آئی کے پاس تھا اب یہ سارا اختیار ایڈمنسٹریٹر کو دے دیا گیا ہے ۔ بلدیاتی آرڈیننس اسلام آباد کے عوام کی توہین ہے یہ عوام سے خوفزدہ ہیں ان کو ہار نظر آرہی ہے اس لیے یہ اس طرح کے اقدمات خوف کی وجہ سے کررہے ہیں ۔