تجاوزات کیخلاف آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات مسمار
جی11-گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی ڈھانچے ،سری نگر ہائی وے سے رکاوٹیں ختم
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہر بھر میں انسداد تجاوزات مہم کے تحت گرین بیلٹس اور سرکاری اراضی کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات، عارضی سٹالز اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے متعدد تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے سیکٹر جی-11 میں گرین بیلٹ پر قائم عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا۔
کارروائی کے دوران گرین بیلٹ پر قائم مختلف سٹالز اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک کنٹریکٹر اور دو ٹرکوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر صدر نے سری نگر ہائی وے پر قائم غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کے خلاف بھی کارروائی کی۔ انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے قیام پر چار گاڑیوں کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔