اعلی تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے ایچ ای سی میں اجلاس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اعلی تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کی روک تھام سے متعلق ایچ ای سی کی 2021 کی پالیسی پر نظرثانی کے لیے قائم وائس چانسلرز ریویو کمیٹی کا دوسرا اجلاس ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ہوا۔۔۔۔
اجلاس میں پاکستان کے اعلی تعلیمی نظام کے مختلف خطوں اور شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وائس چانسلرز اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ اینڈ اینالیسس ایکٹیویٹیز (R&AA)، انجینئر سلیم اللہ سوہو نے کمیٹی کو موجودہ پالیسی کی اہم شقوں، اس پر عمل درآمد میں ہونے والی پیش رفت اور مزید بہتری کے متقاضی شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے اعلی تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات اور نگرانی کی سرگرمیوں کے سلسلے میں انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کے ساتھ ایچ ای سی کے مسلسل تعاون کو اجاگر کیا۔کمیٹی کے کنوینر اور بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر معید وسیم یوسف نے نظرثانی شدہ پالیسی کا مسودہ پیش کیا، جس میں کمیٹی کے پہلے اجلاس کے دوران موصول ہونے والی تجاویز کو شامل کیا گیا تھا۔ ارکان نے مسودے پر تفصیلی غور کیا اور پالیسی کے ڈھانچے کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم سفارشات اور تجاویز پر اتفاق کیا، جن میں بالخصوص روک تھام، آگاہی، کونسلنگ، بحالی اور مناسب تادیبی اقدامات پر زور دیا گیا۔کمیٹی ارکان نے مجوزہ ترامیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کنوینر کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments