یومِ دفاع ،نمل میں قومی یکجہتی،نوجوان نسل کی ذمہ داریوں پر سیمینار
پاکستانی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش ،نوجوانوں کی ملکی ترقی میں کردار پر بحث
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع \\\'\\\'قومی اتحاد کے تقاضے اور نوجوان نسل کی ذمہ داریاں\\\'\\\' تھا۔معروف اردو شاعر، ادیب، نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر جلیل عالی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے ڈین ڈاکٹر ارشد محمود نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی ،ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر رفیق خان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی سیمینار میں موجود تھی۔ ڈاکٹر ارشد محمود نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ قوم کو مختلف مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے ، تاہم قومی اتحاد، استقامت، اپنے اسلاف کی اقدار اور روایات کی پیروی اور اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے ہم ان تمام چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں۔ پروفیسر جلیل عالی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے تاریخی سفر اور ان قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جن کے نتیجے میں یہ وطن وجود میں آیا۔ میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بعض مسائل اور شکایات ضرور ہو سکتی ہیں، تاہم وطن کے لیے قربانی دینے کا جذبہ کبھی کمزور نہیں ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments