پمز کے برن سینٹر کو خود مختار طبی سہولت کے طور پر چلانے پر غور
وزیرِاعظم اصلاحات کمیٹی پمز کا اجلاس ،پلاسٹک سرجری کی برن سینٹر منتقلی کا جائزہ
اسلام آباد (ایس ایم زمان) پمز کے برن سینٹر کو خود مختار طبی سہولت کے طور پر چلانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے ، وزیرِاعظم اصلاحات کمیٹی برائے پمز جنرل(ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے گزشتہ روز برن سینٹر اور پلاسٹک سرجری کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے اجلاس کیا، پلاسٹک سرجری ڈیپارٹمنٹ کی برن سینٹر منتقلی سے متعلق معاملہ کا جائزہ لیا۔ پمز انتظامیہ نے گزشتہ ماہ شعبہ پلاسٹک سرجری کو پمز برن سینٹر منتقل کیا ہے اور سرجیکل وارڈ ون میں قائم پلاسٹک سرجری وارڈ کو برن سینٹر منتقل کر دیا ہے ، جس پر سینیٹ قائمہ کمیٹی قومی صحت نے معاملے کا نوٹس لیتے وفاقی سیکرٹری قومی صحت سے بریفنگ طلب کی ہے ، پمز کے ترجمان ڈاکٹر ساجد عباسی نے کہا کہ اجلاس میں تجویز کا جائزہ لیا گیا ہے کہ برن سینٹر کو ایک الگ اور جدید ترین خودمختار سینٹر بنایا جائے ۔ جنرل اظہر کیانی برن سینٹر کا دورہ کریں گے ، جس کے بعد پلاسٹک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر عبدالخالق کی مشاورت سے اس معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments