ملی یکجہتی کونسل کا پرویز رشید کے خلاف احتجاج کا اعلان

ملی یکجہتی کونسل کا پرویز رشید کے خلاف احتجاج کا اعلان

مدارس کو جہالت کے مراکز کہنا خود جہالت ہے ، نواز شریف وزرا کو لگام دیں، کونسلنصاب تعلیم سے اسلامی تاریخ کو نکال کر ملالہ اور سیکولر عناصر کو شامل کیا جارہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل کی قیادت نے 15 مئی کو وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت نصاب تعلیم سے اسلامی تاریخ نکال کر ملالہ اور سیکولر عناصر کو شامل کیا جارہا ہے دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید مساجد اور مدارس کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،مدارس کو جہالت کے مراکز قرار دینا خود جہالت ہے ۔ ملی یکجہتی کونسل کااجلاس کو نسل کے صدر ابو الخیر زبیر کی صدارت میں پیر کو ادارہ نور حق میں ہوا۔اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال ،امریکا میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے مدارس کے خلاف بیان سے پیدا شدہ صورتحال پر بات کی گئی۔قبل از یں ملی یکجہتی کو نسل سندھ کی تنظیم نو کی گئی جس کے تحت اسد اﷲ بھٹو کو ملی یکجہتی کو نسل سندھ کا صدر ،قاضی نورانی کو سیکریٹری ،محمد حسین محنتی کو مالیاتی سیکریٹری ،برجیس احمد کو رابطہ سیکریٹری، زاہد عسکری کو سیکریٹری اطلاعات،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کو مصالحتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ۔بعد ازاں ابو الخیر زبیر اور ملی یکجہتی کو نسل کے سیکریٹری لیاقت بلوچ نے میڈیا کو بریفنگ دی ۔ابو الخیر زبیر نے پرویز رشید کے بیان کے خلاف جمعہ 15 مئی کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک ،جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اﷲ بھٹو ،معراج الہدیٰ ،نعیم الرحمن ،قاضی احمد نورانی ،اسلامی تحریک کے علامہ ناظر عباس نقوی،مجلس وحدت المسلمین کے باقر عباس زیدی ،صادق جعفری ،تنظیم اسلامی کے نسیم الدین ،اویس پاشا ،اسلامی تحریک کے جعفر سبحانی ،رابطۃ المدارس کے عبدالوحید ،حبیب احمد حنفی ،جماعت الدعوۃ کے امجد ہزاروی ،جمعیت اتحاد العلما کے آفتاب احمد ،حزب اﷲ جھگڑو،نصراﷲ عزیز ،موسیٰ ملاح ،محمد اصغر ،جمعیت علمائے اسلام کے فضل احمد عثمانی ،نصیر الدین ،نعمت الرحمن ،جمعیت علمائے اسلام سینئر کے عبدالشکور نقشبندی ،جمعیت علمائے پاکستان کے شیخ سلمان ،محمود عسکری ،پروفیسر انوار احمد شیخ ،جماعت الحدیث کے قاری محمد حسین ،ڈاکٹر خورشید احمد شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں