گھر میں 4خواتین کے لرزہ خیز قتل کامقدمہ درج

گھر میں 4خواتین کے لرزہ خیز قتل کامقدمہ درج

کراچی(این این آئی)لیاری موسیٰ لین میں 4 خواتین کے لرزہ خیز قتل کے واقعے کا مقدمہ بغدادی پولیس نے درج کرلیا جس میں والد نے بیٹے پر شبہ ظاہر کیا ہے ۔

مقدمہ گھر کے سربراہ محمد فاروق کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا جس میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔ مدعی مقدمہ محمد فاروق کے مطابق میں جانوروں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہوں۔ گھر میں میرے ساتھ 60 سالہ بیوی شمشاد، طلاق یافتہ بیٹی مدیحہ، بیٹا سمیر علی، اس کی اہلیہ عائشہ، اس کی 3 ماہ کی بیٹی اور 12 سالہ نواسی علینہ رہائش پذیر ہیں۔مدعی مقدمہ کے مطابق رات سوا تین بجے اپنے گھر پہنچا اور دروازے پر دستک دی تو کسی نے دروازہ نہیں کھولا، میں نے اپنے پاس موجود چابی سے دروازہ کھولا تو میں نے دیکھا کہ میری بیٹی مدیحہ خون میں لت پت پڑی ہے ، میں نے شور مچایا اور اپنے پڑوسی حفیظ کو بلایا اور اپنے بیٹے سمیر کو فون کرکے جلدی گھر آنے کا کہا، پڑوسی حفیظ اور بیٹا سمیر آگئے ۔محمد فاروق کے مطابق میری بہو عائشہ بھی خون میں لت پت اور اس کی 3 ماہ کی بیٹی بیڈ کے نیچے تھی، ٹی وی لانج میں بیوی شمشاد اور صحن میں نواسی علینہ بھی خون میں لت پت پڑی تھی، چاروں کے تیز دھار آلے سے گلے کٹے ہوئے تھے ۔پولیس حکام کے مطابق واردات میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تاہم واردات میں مدعی مقدمے کے بیٹے بلال کے ملوث ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں