پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ
کراچی (آن لائن)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے )نے پاکستان خصوصاً سندھ میں پولیو کیسز میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
پی ایم اے سندھ کے نو اضلاع میں پولیو وائرس تیزی کیساتھ پھیل رہا ہے جس میں لیبارٹری سے تصدیق شدہ 12 کیسز اور متعدد ماحولیاتی نمونے وائرس کے لیے مثبت پائے گئے ہیں۔پی ایم اے نے کہا کہ یہ تشویشناک رجحان پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں خاص طور پر سندھ میں نمایاں ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے ۔حکومت اس نازک صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے ۔ پی ایم اے نے سوال کیا کہ کیا پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیح نہیں ہے یا اسے محض سیاسی جوڑ توڑ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ؟پی ایم اے نے پاکستان میں پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے کی وجوہات کی جامع اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ور کہا کہ اس تحقیقات میں پولیو کے خاتمے کے موجودہ پروگرام، حکومت کے کردار اور موجودہ حکمت عملیوں کی تاثیر کا مکمل جائزہ شامل ہونا چاہیے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ پولیو کے خاتمے کی مضبوط اور موثر حکمت عملی کو فوری طور پر نافذ کیا جائے ۔عوام کو ویکسی نیشن کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے عوامی آگاہی مہم بڑھائی جائے ،نئے کیسز کا بروقت پتہ لگانے اور ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور پولیو کے خاتمے میں ناکامی کے ذمہ داروں کا احتساب کریں۔