بلوچ یکجہتی کمیٹی کا مظاہرہ،ریڈزون میں داخلے کی کوشش
کراچی(این این آئی)بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائے سی)کے مظاہرین مشکوک مسلح افراد کے ساتھ کراچی پریس کلب جانے کی کوشش کی ہے ، تاہم، پولیس کو دیکھتے ہی مسلح افراد بھاگ کھڑے ہوئے ۔
بی وائے سی کی احتجاجی ریلی کراچی پریس کلب کے قریب پہنچی تو پولیس نے روک لیا، پولیس اور مظاہرین میں مذاکرات ناکام ہوگئے اور مظاہرین پریس کلب جانے پر بضد رہے ، جس کے بعد خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے خواتین مظاہرین کو روکنا شروع کر دیا۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کراچی پریس کلب کے چاروں اطراف راستے بند کردیئے گئے ۔ پولیس کے مطابق گورنر ہاؤس اور زینب مارکیٹ سے پریس کلب آنے والے راستے بند کردیئے گئے ۔زینب مارکیٹ پر مظاہرین کے عقب میں مشکوک مسلح افراد کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، لیکن مبینہ مسلح افراد زینب مارکیٹ پر رش کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔بعدازاں، پولیس نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ارکان کو کراچی پریس کلب کی طرف جانے سے روک دیا اور مظاہرین کو زینب مارکیٹ سگنل سے دور کردیا۔پولیس حکام نے کہاکہ کسی کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہے ۔پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ کے دوران چند کارکنان حراست میں لیے گئے ۔ خیال رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق احتجاجی مرحلے کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا ۔