میرپور خاص اور محراب پور میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک
کوری پھاٹک کے قریب شمن علی، فلجی ولیج میں 16ماہ کابچہ نشانہ بنے ، والدہ زخمیرشتے کے تنازع پر واقعہ، کھپرو میں باراتیوں کی فائرنگ سے 4سالہ بچہ زخمی ہوگیا
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)میرپور خاص اور محراب پور میں فائرنگ سے بچے سمیت 2 افراد ہلاک اور خاتون زخمی ہوگئی، کھپرو میں باراتیوں کی فائرنگ سے بچہ زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق میرپور خاص میں مہران تھانے کی حدود کوری پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد نے ہائی روف وین میں سوار ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد ہائی روف گاڑی میں سوار ہو کر آئے اور نوجوان کو گاڑی سے اتار کر اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے والد روشن علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ درج مقدمے میں تین ملزمان ایاز چانڈیو، سجاد چانڈیو اور ایک خاتون رضوانہ زوجہ سجاد چانڈیو کو نامزد کیا گیا ہے۔
ادھر محراب پور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 16 ماہ کا بچہ جاں بحق اور ماں زخمی ہوگئی، فائرنگ کا واقعہ پیجو تھانے کی حدود منٹھرو کے گاؤں صوبیدار جمالی میں پیش آیا، جہاں پر جھونپڑی نما گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ میں 16 ماہ کا معصوم محمد اکرم شیخ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، فائرنگ میں اسکی والدہ مسمات شبانہ شیخ زخمی ہوگئی، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا کھپرو میں شادی میں کی جانیوالی ہوائی فائرنگ سے چار سالہ بچہ چھرے لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے واقعہ پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔