روہڑی:مال بردار ٹرین سے کٹ کر2 نوجوان بہنیں ہلاک
شہناز، دادلی ریلوے لائن عبور کررہی تھیں، خودکشی کی بھی افواہیں سرگرمشہدادپور، محراب پور حادثات میں بھی 2بھائیوں سمیت 4 افراد لقمہ اجل بنے
روہڑی، اندرون سندھ (نمائندگان)روہڑی میں ٹرین سے کٹ کر 2 بہنیں ہلاک ہوگئیں، جبکہ شہداد پور اور محراب پور حادثات میں 2 بھائیوں سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ روہڑی کے علاقے کندھرا گاؤں پیارو جوگی کی رہائشی بہنیں شہناز اور دادلی دختر ممتاز جوگی درگاہ حسین شاہ سے واپس گاؤں آنے کیلئے ریلوے لائن عبور کر رہی تھیں کہ پنجاب جانیوالی مال گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں، علاقے میں نوجوان لڑکیوں کے خودکشی کرنے کی بھی افواہیں سرگرم ہیں۔ ادھر شہدادپور سے 17 کلو میٹر دور باجھی رند تھانے کے سامنے سوزوکی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 45سالہ عبدالحکیم رند ان کابھائی 22 سالہ عبدالحفیظ رند جاں بحق جبکہ 7سالہ شان علی رند زخمی ہوگیا، جنہیں نواب شاہ اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا اور گاڑی اپنی تحویل میں لے لی، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثنا محراب پور میں سدوجا تھانے کی حدود قومی شاہراہ پر سدوجا اسٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار امداد میمن جاں بحق ہوگیا، حادثے میں ساتھی دو نوجوان زخمی ہوئے ، جنیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب درگاہ شہباز قلندر پر زیارت کے لئے جانے والا نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا، درس پولیس کے مطابق نوجوان حافظ مسعود ابڑو ولد ذاکر علی ابڑو لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر زیارت کے لئے سہون شریف جاتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہوگیا، لاش ضروری کارروائی بعد ورثا حوالے کر دی۔