خیرپور:خفیہ اطلاع پرکارروائی میں خاتون سمیت 7افغان گرفتار
صوبھوڈیرو میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کی، ایس ایس پیگرفتار افراد افغان باشندے، ویزے سمیت کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں، سمیع اللہ
صوبھوڈیرو(نمائندہ دنیا)خفیہ اطلاع پر حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت سات افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا، جنہیں تھانے منتقل کیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق کارروائی خیرپور کے اکنامک زون تھانے کی حدود میں غیر ملکی افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی ہے ، گرفتار ہونے والے افغان شہریوں میں عمر، شیر،محمد عارف،حکمت اللہ،ابو بکر،محمد رمضان اور ایک خاتون رقیہ شامل ہیں۔ ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے ، گرفتار افراد افغانستان کے رہائشی ہیں اور ان کے پاس ویزے سمیت کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں ہے ، زیرِ حراست افغان شہریوں سے مزید تفتیش جاری ہے ، ان کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔