ماتلی:رمضان میں طویل لوڈ شیڈنگ تاجروں سے زیادتی، تنزیلہ
غیر منصفانہ نظام نے شہر کی معاشی سرگرمیوں کو مفلوج کر دیا۔ ایم پی اےحیسکو چیف سے ان کے دفتر میں ملاقات، شہریوں کے مسائل سے آگاہ کیا
ماتلی (نمائندہ دنیا) ماہ مقدس رمضان المبارک میں معاون خصوصی وزیراعلی سندھ و ایم پی اے تنزیلہ ام حبیبہ قنبرانی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی حاجی رضوان احمد قائم خانی نے بلدیاتی قیادت کے ہمراہ حیسکو کی جانب سے جاری لوڈشیڈنگ شیڈول کو شہریوں اور تاجروں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس غیر منصفانہ نظام نے شہر کی معاشی سرگرمیوں کو مفلوج کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک طویل بندش پھر رات 9:30 سے 11:30 بجے تک اور اس کے بعد 1:30 بجے تک بجلی کی عدم فراہمی نے کاروباری طبقے کو شدید متاثر کیا ہے ۔ خصوصاً درزی، چھوٹے دکاندار، ورکشاپ مالکان اور دیگر محنت کش طبقہ روزگار سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے ۔ رمضان المبارک میں جہاں کاروبار عروج پر ہونا چاہیے تھا وہاں اندھیروں نے شہر کی رونقیں ماند کر دی ہیں۔
تنزیلہ ام حبیبہ قنبرانی، چیئرمین رضوان احمد قائم خانی اور بلدیاتی قیادت نے حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ موجودہ شیڈول پر فوری نظر ثانی کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات بالکل درست اور زمینی حقائق پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طویل لوڈشیڈنگ کے باعث میونسپل کمیٹی کا واٹر سپلائی نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس سے شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شہر میں صحت و صفائی کے مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔