تلہار میں خاتون کی خودکشی، میرپور خاص حادثے میں طالبعلم ہلاک
میرپور خاص بس ٹرمینل کے سامنے ٹرالی نے 2موٹر سائیکلیں کچلیں، 2افراد زخمیوالجی کولہی کا مبینہ قاتل گرفتار، محراب پور میں گروہی تصادم سے متعدد افراد زخمی
تلہار، اندرون سندھ(نمائندگان)تلہار میں خاتون نے خودکشی کرلی، جبکہ میرپور خاص حادثے میں طالبعلم ہلاک ہوگیا، محراب پور میں گروہی تصادم کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق تلہار کے نواحی گاؤں میاں پوٹا میں تین بچوں کی ماں شریمتی شاموں زوجہ ہمیرو کولہی نے پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔ میرپور خاص میں بس ٹرمینل کے سامنے ٹریکٹر ٹرالی کی دو موٹرسائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں 11 سالہ طالبعلم سنیل ولد کانجی کولہی ہلاک اور شیر جان کوری اور ممتاز کوری شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں سول اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب تعلقہ پولیس کی بروقت کارروائی میں دو روز قبل تعلقہ تھانے کی حدود گوٹھ ممتاز رند کے رہائشی والجی کولہی کو رامجی کولہی نامی ملزم نے کلہاڑیوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والی کلہاڑی بھی برآمد کر لی۔ محراب پور میں قمر الدین چانڈیو تھانے کی حدود کلہکاٹ کی دیہہ غیر آباد میں اراضی تکرار پر کورائی برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا، فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، دوسری طرف کچے کے علاقے گاؤں حاجی محمد قاسم کورائی میں آتشزدگی کے واقعہ میں محنت کش محمد حسین کورائی کا گھر اور قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا۔