سکھر:رمضان میں بھی صفائی کا فقدان، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر

سکھر:رمضان میں بھی صفائی کا فقدان، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر

رہائشی، تجارتی وکاروباری مراکز میں جمع کچرے کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے لگاوبائی امراض پھیلنے کا خدشہ، اسپرے نہ ہونے سے مچھروں کی بھی بہتات ہوگئی

سکھر(بیورو رپورٹ)رمضان المبارک کے ایام میں بھی سکھر شہر میں صفائی کا فقدان ہے ، میونسپل کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ کمپنی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپروائی کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ گندگی کے پڑے ڈھیروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، شہر کے تجارتی و کاروباری مراکزکے بعد شہر کی مصروف ترین شاہراہوں پر جمع گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ دوسری جانب انتظامیہ کی نااہلی سے شہر میں مچھر مار اسپرے نہ ہوسکا، مچھروں کی تعداد بڑھنے لگی، جس کی وجہ سے شہریوں کی نیندیں بے سکون ہوگئی ہیں، مچھروں کی تعداد میں اضافہ،ڈینگی خدشات اور مچھر مار اسپرے نہ ہونے پرشہری و سماجی رہنمائوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ بالخصوس سکھر میونسپل کارپوریشن کو سخت تنقید کی، اور کہا مچھروں کے کاٹنے سے لوگ ملیریا و دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں