حیدر آباد:ڈی ایس پی ٹریفک کے وینیں چلوانے کیخلاف احتجاج
عدالت نے انٹرسٹی اڈے بند کرنے کاحکم دیا تھا، ڈی ایس پی کی اپنوں پرنوازشاتلطیف آباد پونے 7 چوک سے سواریاں اٹھانے کی اجازت عدالتی توہین، ٹرانسپورٹرز
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)ہائی کورٹ کی جانب سے انٹرسٹی وین اڈے بند کرنے کے حکم کے باوجود مبینہ طور پر ڈی ایس پی ٹریفک کی نگرانی میں مختلف مقامات سے وینیں چلنے لگیں۔ من پسند افراد کی وینیں چلانے کے خلاف لطیف آباد پونے سات نمبر چوک پر فہد ٹرانسپورٹ کے عملے اور ڈرائیوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔اس موقع پر فہد ٹرانسپورٹ کے منیجر گھموں خان قنبرانی، ثنا اﷲ قنبرانی، سہیل لاشاری، شوکت پٹھان، عقیل گدی اور دیگر نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ انٹرسٹی وین اڈے مکمل طور پر بند کیے جائیں، لیکن ڈی ایس پی ٹریفک لطیف آباد عدالتی احکامات کی توہین کرتے ہوئے من پسند ٹرانسپورٹرز کی وینوں کو پونے سات نمبر چوک کے قریب سے سواریاں اٹھانے کی اجازت دے رہے ہیں، جو ایک غیر قانونی عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی ٹریفک لطیف آباد من پسند ٹرانسپورٹروں کو وینیں بھرنے کی اجازت دے کر حیدرآباد کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرانا پولیس کی ذمہ داری ہے ، لیکن مخصوص وینوں کو لطیف آباد کے مختلف مقامات پر کھڑا کرکے سواریاں اٹھانے کی اجازت دینا دیگر ٹرانسپورٹروں اور مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس من پسند ٹرانسپورٹروں کی وینوں کے ذریعے سواریاں اٹھانے کے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔