دس سالہ بچے کے قتل کا الزام، والد اور چچا گرفتار
والدین کے گھریلو تنازع کے باعث حیدر پر مبینہ تشدد کیا گیا ،پولیس
کراچی(این این آئی)شہر قائد کے ضلع ویسٹ میں سرجانی ٹاؤن پولیس نے 10 سالہ بچے کو مبینہ تشدد کرکے قتل کرنے کے الزام میں اس کے والد اور چچا کو گرفتار کر لیا ۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق 10 سالہ حیدر ولد اظہر گزشتہ روز اپنی والدہ کے گھر سے والد کے گھر آیا تھا۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ والدہ اور والد کے درمیان گھریلو تنازع کے باعث بچے کو ماں کے گھر جانے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس کے مطابق مبینہ تشدد کے نتیجے میں بچے کی موت واقع ہو گئی جس کے بعد اطلاع ملتے ہی سرجانی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔گرفتار افراد میں بچے کا والد اظہر ولد مظہر اور چچا سلطان ولد مظہر شامل ہیں۔ پولیس حکام نے کہا کہ واقعے میں استعمال ہونے والے آلے کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے جب کہ قانونی اور ضابطے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے ۔