9محرم کا مرکزی ماتمی جلوس سخت سیکیورٹی میں برآمد
نشتر پارک سے برآمد ہونے والا جلوس حسینیہ امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیرپانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات،سکیورٹی کیمرے نصب
کراچی(اے پی پی)9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان جمعرات کو نشتر پارک سے برآمد ہوا۔قبل ازیں نشتر پارک میں مجلس کا انعقاد کیا گیا جس سے ممتاز عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نے اپنے مقررہ راستوں سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔کراچی شہر میں نکالا گیا مرکزی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ کھارادرپر اختتام پذیر ہوا۔ 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔مرکزی جلوس کی سولجر بازار اور پریڈی تھانوں میں قائم کنٹرول رومز سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے جب کہ 9ویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ رینجرز کے جوانوں نے بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے ۔جلوس کے راستوں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا جب کہ بلند و بالا عمارتوں پر بھی خصوصی نگرانی کے انتظامات کیے گئے ۔ایم اے جناح روڈ پر 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے باعث ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو اعلان کردہ متبادل راستوں کی طرف روانہ کیا گیا۔