واقعہ کربلا حق و استقامت کا عظیم درس،مفتی نعمان نعیم
سیرتِ حسینیؓ حق اور صبر کی لازوال مثال ،امت کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورتعلماء و مذہبی رہنما اتحادِ امت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں، بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و استقامت کا عظیم درس ہے ، صحابہ و اہل بیت سے محبت حضورِ اکرمؐ سے وفا کا تقاضا ہے ، سیرتِ حسینیؓ حق، صداقت اور صبر کی لازوال مثال ہے ، آج کے پرفتن دور میں جب امت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ، یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم مشترکہ اقدار اور ایمانی رشتوں کو مضبوط کریں جو ہمیں باہم جوڑتے ہیں۔ جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم اور صوبائی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے اپنے جاری بیان میں کہاکہواقعہکربلا رہتی دنیا تک حق پر ثابت قدم رہنے ، ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور دین کی خاطر ہر قربانی پیش کرنے کا پیغام دیتا رہے گا، ان عظیم ہستیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے ، برائیوں سے اجتناب اور معاشرے میں خیر، محبت، بھائی چارے اور اصلاحِ احوال کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نواسئہ رسول ؐ حضرت حسینؓ، اہلِ بیت اطہارؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں حق و صداقت، دین کی سربلندی اور امت کی رہنمائی کے لیے ایسی عظیم قربانیاں پیش کیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام، آئمہ مساجد اور مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے اتحادِ امت، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام عام کریں۔