گلشن اقبال:9کروڑ روپے سے تعمیر نئی سڑک کھود دی گئی

گلشن اقبال:9کروڑ روپے سے تعمیر نئی سڑک کھود دی گئی

ایس ایس جی سی نے بغیر اطلاع کھدائی کی ،ٹاؤن انتظامیہ متحرک،کام رکوادیا یوٹیلیٹی لائنوں کی تنصیب میں غفلت کی تحقیقات کی جائیں،شہریوں کا مطالبہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ناقص انتظامی حکمت عملی کے باعث کروڑوں روپے سے تعمیر کی گئی نئی سڑک کو کھود دیا گیا جس پر ٹاؤن انتظامیہ حرکت میں آگئی اور کام کو فوری رکوا دیا ۔گلشن اقبال میں کلک منصوبے کے تحت چند ماہ قبل گلشن اقبال بلاک 13 اے حسن اسکوائر سے ہوتی ہوئی بلاک 13 بی مصطفی اسپتال تک ایک نئی سڑک بنائی گئی تھی جس پر تخمینہ لاگت 9 کروڑ روپے آیا تھا۔شہری اس سڑک کو پورے گلشن اقبال میں ایک بہتر سڑک تصور کرتے تھے لیکن اچانک اس نئی سڑک کو ایس ایس جی سی نے کھود کر تباہ کردیا۔اس سڑک کوگلشن اقبال کے مختلف بلاکس اور ضلع وسطی کے مکین خصوصی طور پر استعمال کررہے تھے کیونکہ یونی ورسٹی روڈ گزشتہ 5 سال زیر تعمیر ہے اور شہری یہ سڑک متبادل کے طور پر استعمال کرر ہے تھے ۔صہباء اختر روڈ کو کے ایم سی نے کھود دیا ہے جبکہ 13 ڈی 2کی سڑک 9ماہ سے کھدی ہوئی ہے ۔اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال ٹاون کو اعتماد لئے بغیر نئی سڑک کو کھودا گیا جس پر فوری طور ٹاون انتظامیہ موقع پر پہنچی اور کام کو رکوا دیا۔گلشن ٹاون حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایس ایس جی سی کو اس سڑک کی کھدائی کا اجازت نامہ 6 ماہ قبل دیا گیا، یہ گیس لائن پورے علاقے میں گیس کی تقسیم کی مرکزی لائن ہے لیکن یہ کام ایس ایس جی سی نے بغیر بتائے کیا گیا کیونکہ گلشن ٹاون نے ابھی اس کام کو روکا ہوا تھا  ۔ اس حوالے سے شہریوں نے کہا کہ یہ  سڑک  چند ماہ میں کھود دی گئی، اس کی تحقیقات ہونی چائیے اور کلک نے یوٹیلیٹی لائنوں کی تبدیلی کے بغیر کس طرح یہ سڑک بنادی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں