پاک ایران پائپ لائن پر کام شروع کیا جائے ، وجیہ الدین
پاک ایران پائپ لائن پر کام شروع کیا جائے ، وجیہ الدینمنصوبے کی تکمیل سے اسمگلنگ کا خاتمہ ، خزانے میں اربوں کی آمدنی متوقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عام لوگ اتحاد کے رہنما جسٹس (ر)وجیہ الدین نے پاک ایران پائپ لائن منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب جب ایران پر سے پابندیاں اُٹھ گئی ہیں، حکومت کو پاک ایران پائپ لائن کو فوراً پاکستان کی جانب سے جوڑ کر تیل کی ترسیل شروع کردینی چاہیے ۔ پھر چاہے فی الوقت تیل کی ترسیل محدود سطح پر ہی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی طرف سے مذکورہ پائپ لائن پہلے ہی پاکستان کی سرحد تک بچھائی جاچکی ہے ، اسے صرف پاکستان کی طرف سے جوڑ کر فعال کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس طرح معاہدے کی خلاف ورزی کے ایرانی متوقع دعوے کا بھی سدباب ہوسکے گا، جو سر پر کھڑا ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ہونے والے امریکا ایران معاہدے کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر عائد طویل المیعاد پابندیوں میں نرمی کے بعد حکومتِ پاکستان کو بروقت فیصلے کرنا ہوں گے ۔ پاکستان کو اس بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سستی توانائی کے حصول کے لیے ایرانی تیل کی خریداری کا آغاز کر دینا چاہیے ،ان اقدامات سے ایک طرف تو ایرانی تیل کی اسمگلنگ کا راستہ روک کر سالانہ کھربوں روپے کا زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے جبکہ دوسری طرف اس کی ہم وزن کسٹم و دیگر ڈیوٹیاں بھی خزانے میں خاطرخواہ اضافے کا متوقع باعث بنیں گی۔