پی آئی بی کالونی میں خواتین کوہراساں کرنے کا واقعہ
مشکوک کار سوار شخص کی حرکات گھر کے باہر نصب کیمرے میں ریکارڈ متاثرہ شہری دانش کی شکایت متعلقہ تھانے میں درج ،پولیس تحقیقات جاری
کراچی(این این آئی)پی آئی بی کالونی میں خواتین کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے ، جہاں ایک مشکوک کار سوار شخص کی حرکات گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق منظرعام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں سفید رنگ کی ایک کار کو ایک رہائشی مکان کے باہر رکتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ فوٹیج کے مطابق کار سے اترنے والا شخص گھر کی کھلی کھڑکی کے قریب گیا اور مبینہ طور پر اندر جھانکنے کی کوشش کرتا رہا۔فوٹیج میں مشتبہ شخص کو کچھ دیر تک کھڑکی کے قریب موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم گھر کی بالائی منزل پر کسی فرد کی موجودگی کا احساس ہونے پر وہ فوری طور پر واپس اپنی گاڑی میں بیٹھا اور موقع سے فرار ہوگیا۔متاثرہ شہری دانش نے واقعے کی شکایت متعلقہ تھانے میں درج کرا دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے ، جس کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ۔پولیس حکام نے کہاکہ شکایت، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments