دڑو:سرکاری اسپتال میں عدم سہولتوں پر شہریوں کا مظاہرہ
ڈاکٹر،ادویات موجود نہیں، غریب نجی اسپتالوں سے علاج کرانے پر مجبور ہوگئےسہولتیں فراہم نہ ہونے پراحتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا،اشرف پلیجو،انور ملاح و دیگر
دڑو، بدھوٹالپر (نمائندگان دنیا) دڑو اور گردونواح کے ہزاروں غریب عوام کے علاج کے لیے قائم سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں، ادویات اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی پر سیاسی، سماجی تنظیموں اور شہریوں کا مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق رورل ہیلتھ سینٹر دو میں ڈاکٹروں، ادویات اور دیگر بنیادی سہولتوں کی کمی کے خلاف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مریضوں کے لواحقین نے اسپتال کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کی۔
احتجاج میں قومی عوامی تحریک کے مرکزی رہنما اشرف پلیجو، جسقم ضلع سجاول کے رہنما انور ملاح، عوامی تحریک ضلع سجاول کے رہنما عزیز میمن، پیرا میڈیکل اسٹاف، مریضوں کے لواحقین اور شہریوں نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ دڑو کا سرکاری اسپتال ہزاروں لوگوں کے علاج کا واحد ذریعہ ہے ، لیکن جب سے رورل ہیلتھ سینٹر کے انتظامات پی پی ایچ آئی کے حوالے کیے گئے ہیں تمام سہولتیں ختم ہوگئی ہیں۔ غریب لوگ پریشان اور نجی اسپتالوں سے علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں اور ادویات کی کمی فوری طور پر ختم کرکے علاقے کے رہائشیوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments