میرپور خاص:گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ
ایک ماہ میں شہر کے مختلف علاقوں سے 45میٹر چوری ہونے کی اطلاعاتمنظم گروہ سرگرم، سٹلائٹ ٹاؤن، محمود آباد کے علاقے اہم ہدف بنالئے
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص شہر میں گھروں سے گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے 45 گیس میٹر چوری ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ سٹلائٹ ٹاؤن اور محمود آباد تھانوں کی حدود میں وارداتیں عام ہونے لگی ہیں شہریوں کے مطابق گیس میٹر چوری کرنے والا منظم گروہ سرگرم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص شہر کے سٹلائٹ ٹاؤن اور محمود آباد تھانوں کی حدود سمیت مختلف علاقوں میں گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ رات یا صبح کے اوقات میں کچرا چننے والوں سمیت دیگر ملزمان گھروں کے میٹر کھول کر لے جاتے ہیں۔
جبکہ بعض واقعات میں میٹر کو پائپ سمیت توڑ کر چوری کیا جاتا ہے ، متعدد علاقوں میں میٹر چوری کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آچکی، تاہم شہریوں کا الزام ہے کہ متعلقہ تھانوں کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، ذرائع کے مطابق رواں ماہ اب تک شہر بھر سے 45 گیس میٹر چوری ہوچکے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 450 میٹر چوری کیے جاچکے ہیں۔ گیس حکام کی جانب سے پولیس کو خطوط بھی جاری کیے گئے ہیں جن میں متعلقہ تھانوں کی حدود میں کارروائی کی درخواست کی گئی ہے شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس میٹر چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments