گیس بحران ، چولہے ٹھنڈے ، ایل پی جی مافیا کی چاندی

 گیس بحران ، چولہے ٹھنڈے ، ایل پی جی مافیا کی چاندی

سب سے بڑے صنعتی و معاشی شہر میں بحران سنگین ترین صورت اختیار کر گیا،گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ،متاثرہ صارفین،ناجائز منافع خوروں نے ایل پی جی کے سرکاری نرخ نظر انداز

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں،جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صنعتی و معاشی شہر کراچی میں گیس کا بحران سنگین ترین صورتحال اختیار کر گیا ہے ، شہر کے اکثر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے ۔ لانڈھی، بلدیہ سائٹ اورنگی ٹاون لیاقت آباد پی آئی بی کالونی جہانگیر روڈ بفرزون، نارتھ کراچی، کیماڑی ،لیاری، لانڈھی ،سعود آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر، پی ای سی ایچ ایس، گلشن معمار، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سرجانی ٹائون، شاہ فیصل کالونی، گڈاپ، کاٹھور، لائنز ایریا، سٹی ریلوے کیمپ، سلطان آباد اور دیگرمتاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں، جس کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔متوسط اور محنت کش طبقہ اب مہنگے ہوٹلوں سے کھانا خریدنے یا سلنڈر مافیا سے مہنگی گیس لینے پر مجبور ہے ، جس نے ان کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں گیس کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے تاکہ صارفین قدرتی گیس کے بجائے ایل پی جی کے استعمال کی جانب راغب ہوسکیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ان اقدامات کو ’کراچی دشمنی‘ پر مبنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ ادارے اس سنگین بحران کے حل کے لیے فوری مداخلت کریں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی کا بوجھ ہے تو دوسری طرف بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے ۔دوسری جانب کراچی میں ایل پی جی مافیا بے لگام ہوگئی ہے ، ناجائز منافع خوروں کی جانب سے سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے 430سے 460روپے فی کلو تک گیس کی فروخت جاری ہے ، شہریوں نے حکومت سے ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی اور منافع خوروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔مافیا سرکاری قیمت سے 140 روپے کلو مہنگی گیس فروخت کررہاہے ۔ شہریوں نے ناجائز منافع خوروں کی روک تھام کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کامطالبہ کیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...