گھوٹکی میں آٹا مہنگا، 220روپے کلو تک فروخت ہونے لگا

گھوٹکی میں آٹا مہنگا، 220روپے کلو تک فروخت ہونے لگا

دیہاڑی دار طبقے کے لئے گھر کاچولہا جلانا مشکل، مہنگائی سے عوام پریشانی کاشکارحیدر آباد میں بھی دام زیادہ، حق پرست ایم پی اے ، جماعت اسلامی رہنما کوتشویش

گھوٹکی، حیدر آباد (نمائندگان)آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے گھوٹکی اور حیدر آباد کے عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ گھوٹکی میں فی کلو آٹا 200 سے 220 روپے میں فروخت ہونے لگا، جس سے دیہاڑی دار طبقہ پریشان ہوگیا، اور عام شہریوں خصوصاً دیہاڑی دار طبقے کیلئے گھر کا چولہا جلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ مہنگائی کے باعث پہلے ہی عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اب آٹے کی قیمت میں اضافے سے غریب خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ ادھر حیدر آباد میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی ناصر حسین قریشی نے کہا کہ آٹا عام آدمی کی بنیادی ضرورت ہے۔

لیکن اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث غریب، مزدور اور متوسط طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ شہر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,700 روپے جبکہ بعض مقامات پر 5 کلو کا تھیلا 1,000 روپے تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں فی کلو قیمت میں اضافے کی اطلاعات نے بھی شہریوں کی تشویش بڑھا دی ہے ۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عبدالقیوم شیخ نے آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اور ظالمانہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس طوفان نے غریب کے منہ سے نوالا بھی چھین لیا ہے ۔ عام آدمی اور دیہاڑی دار مزدور طبقہ دو وقت کی روٹی کیلئے محتاج ہو چکا ہے اور فاقہ کشی پر مجبور ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...