مہنگائی میں عوام کی فوری داد رسی ناگزیر، مولانا بشیر فاروق
تاجر، صنعت کار اور مخیر حضرات مستحقین کی مدد کے لیے آگے آئیںصاحبِ حیثیت افراد رشتہ داروں اور فیکٹری مالکان مزدوروں کا خیال رکھیں
کراچی(این این آئی)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل کے بانی و چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام شدید مہنگائی کے منفی اثرات کا شکار ہیں اور عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے ۔ اس مشکل صورت حال میں تاجروں، صنعت کاروں، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کو مستحق افراد کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد مستحقین کی مدد کے لیے اپنے خزانوں کے منہ کھول دیں اور ضرورت مندوں کی خبر گیری کریں، تاکہ معاشی مشکلات کے شکار افراد کو سہارا مل سکے اور معاشرے میں خودکشیوں، جسم فروشی اور دیگر جرائم کے بڑھتے ہوئے رجحانات کی روک تھام میں مدد ملے۔
انہوں نے عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کو خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق خطے کے ممالک کے غریب افراد میں سے 40 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں، جبکہ ان کی یومیہ آمدنی 850 روپے سے بھی کم ہوچکی ہے ۔ ان کے بیان کے مطابق حالیہ برسوں میں غربت کی شرح میں سالانہ 6.4 فیصد اضافہ ہوا ہے اور بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے ۔مولانا بشیر فاروق قادری نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورت حال کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے ، جبکہ قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔موجودہ حالات میں لوگ اپنے مستحق رشتہ داروں کی مدد کریں جبکہ فیکٹری مالکان اپنے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی ضروریات کو ترجیح دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments