عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کا انکشاف
ایئرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن کی بروقت کارروائی،2مسافر آف لوڈ کردیےسعودیہ سے مصر، پھر لیبیا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچانے کا منصوبہ تھا
کراچی (این این آئی)ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائی میں عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کے نئے مبینہ روٹ کا انکشاف ہوا ہے جس میں 2 مسافر آف لوڈ بھی کردیے گئے ۔ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دو عمرہ مسافروں، اعظم علی اور محمد سفیان کو تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد آف لوڈ کردیا،مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلکراچی کے حوالے کردیا ہے ،دورانِ پوچھ گچھ مسافروں نے انکشاف کیا کہ مبینہ ایجنٹ عمرہ کے سفر کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب سے مصر، پھر لیبیا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اس مبینہ راستے کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے کی کوشش سے متعلق معلومات سامنے آئی ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق، ابوبکر نامی مبینہ ایجنٹ، رہائشی گجرات نے اس سفر کے لیے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا،مسافروں کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی ادائیگی کیے جانے کا انکشاف ہوا،ادائیگی سے متعلق اسکرین شاٹ بھی حاصل کیا گیا ہے ، جس کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق، مذکورہ ایجنٹ کا رابطہ نمبر بھی حاصل کرلیا گیا ہے ، جبکہ اس کی شناخت، مالی لین دین اور مبینہ نیٹ ورک سے تعلق کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments