کلفٹن میں باپ نے بیٹے کوقتل کرکے خودکشی کرلی
بیوی سے جھگڑے کے بعد 5سالہ بیٹے کو گولی ماری،بیٹی محفوظ رہیشوہر گزشتہ ایک سال سے گھر کا خرچہ نہیں دے رہا تھا ،اہلیہ شکیلہ کا موقف
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن میں باپ نے پانچ سالہ بیٹے کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن شاہ رسول کالونی میں گھریلو تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر بیوی سے جھگڑے کے بعد اپنے پانچ سالہ بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا اور پھر خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعے کے دوران کمرے میں موجود ڈھائی سے تین سالہ بیٹی محفوظ رہی۔ باپ اور بیٹے کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔جاں بحق بچے حسنین کی والدہ شکیلہ نے بتایا کہ اس کا شوہر گزشتہ ایک سال سے گھر کا خرچہ نہیں دے رہا تھا اور وہ بچوں کے اخراجات کے لیے اس سے مطالبہ کر رہی تھی۔
واقعے کے روز شوہر گھر آیا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس نے کمرے کا دروازہ بند کرکے پہلے بیٹے کو گولی ماری اور پھر خود کو بھی گولی مار لی۔ والدہ کا کہنا تھا کہ اس کے دو بچے تھے ، تاہم اب اس کا ایک ہی بچہ رہ گیا ہے ۔دوسری جانب مقتول بچے کی نانی نے بتایا کہ ان کا داماد کئی سال سے گھر کے اخراجات ادا نہیں کر رہا تھا، جس کے باعث وہ لوگوں کے گھروں میں کام کرکے اپنی بیٹی اور بچوں کی کفالت کر رہی تھیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ، تاہم واقعے کے مختلف پہلوؤں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments