زبردستی صوبے بنانے کے نتائج خطرناک ہوں گے ،جمیل سومرو

زبردستی صوبے بنانے کے نتائج خطرناک ہوں گے ،جمیل سومرو

پنجاب میں عوام کی خواہشات پر نئے صوبے بنائے جائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیںتقسیم کی سیاست سے گریز کیا جائے ،سندھ ایک ہی رہے گا،پولیٹیکل سیکریٹری بلاول

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے پولیٹیکل سیکریٹری اور رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو نے کہا ہے کہ زبردستی صوبے بنانے کے انتہائی خطرناک نتائج ہوں گے ، عوام کی خواہشات کو اہمیت دی جانی چاہئے ۔ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے اکثریت سے سندھ میں نئے صوبے بنانے کے خلاف قرارداد منظور کی ہے ، اس کے باوجود میڈیا کے بعض اداروں، سرمایہ داروں اور کچھ دیگر قوتوں کو نئے صوبے بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ، انہیں معلوم ہونا چاہئے دو تہائی اکثریت کے بغیر صوبے بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا 2018ء اور 2024ء کے انتخابات پر مسلسل انگلیاں اٹھائی جاتی رہی ہیں تو پھر موجودہ چیف الیکشن کمشنر ریفرنڈم کیسے کرائیں گے ؟

انہوں نے کہا 16 سال قبل پنجاب اسمبلی نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کرچکی ہے ، لہٰذا وہاں عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے صوبے بنائے جائیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا معاشی و سیاسی استحکام پر توجہ دی جائے اور تقسیم کی سیاست سے گریز کیا جائے ، سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے ، پیپلز پارٹی کی جانب سے 6 دسمبر کو سندھی ثقافت کا دن منایا جائے گا۔ جمیل سومرو نے کہا وفاقی حکومت کی منصوبہ بندی اور سوچ درست نہیں، جس کی وجہ سے معاشی حالات بدتر ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کا فائدہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کو ہو سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...