ڈاکٹر شاہنواز کیس:سابق ڈی آئی جی حفاظتی ضمانت پررہا

ڈاکٹر شاہنواز کیس:سابق ڈی آئی جی حفاظتی ضمانت پررہا

سرکٹ کورٹ میرپورخاص میں عبوری ضمانت کی درخواست نوٹ پریس کی بنیاد پر خارج جاوید جسکانی نے کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کی

 میرپورخاص (بیورورپورٹ) ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس میں نامزد سابق ڈی آئی جی جاوید سونہارو جسکانی کو سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت مل گئی جبکہ سندھ ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص میں ان کی جانب سے دائر گرفتاری سے قبل عبوری ضمانت کی درخواست کو نوٹ پریس کی بنیاد پر خارج کردیا گیا۔ سابق ڈی آئی جی جاوید سونہارو جسکانی نے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے کراچی ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی، جس کے بعد ان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص میں دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر کارروائی ہوئی۔

سماعت کے دوران مدعی فریق کی جانب سے ایڈووکیٹ سجاد احمد چانڈیو اور دیگر وکلا پیش ہوئے ، تاہم درخواست گزار جاوید سونہارو جسکانی اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، ان کی جانب سے معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار ضمانت کی درخواست پر مزید اصرار نہیں کرنا چاہتے ۔ جس پر عدالت نے درخواست کو نوٹ پریس کی بنیاد پر خارج کردیا ۔ سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل ہونے اور میرپورخاص میں ضمانت کی درخواست نوٹ پریس ہونے کے بعد ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس میں سابق ڈی آئی جی جاوید جسکانی کی قانونی جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...