جے یوآئی کے گرفتاریوں کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے ،دھرنے
مولانا فضل الرحمن کی نظر بندی ختم کرنے ،رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ قائدین کی رہائی، مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی، رہنماؤں کا خطاب
لاڑکانہ، میرپور خاص، گھوٹکی، کندھ کوٹ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف جے یو آئی کے تحت سندھ کے مختلف شہریوں میں احتجاجی مظاہرے ، دھرنے دئیے گئے۔ لاڑکانہ سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد خالد محمود سومرو کی قیادت میں جامعہ اسلامیہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔ مظاہرے میں مولانا ناصر خالد محمود سومرو، مولانا محبت کھوڑو سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا راشد سومرو نے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا، نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے انہیں نوٹسز بھیجے جا رہے اور ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ میرپورخاص میں مدینہ مسجد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی اور نظر بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مولانا حفیظ الرحمن فیض،حاجی رفیق سومرو اور دیگر نے خطاب میں کہا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی، مولانا فضل الرحمن کی نظر بندی ختم اور مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر کی رہائی، مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔ کندھ کوٹ پریس کلب کے سامنے سیکڑوں جے یو آئی کارکنان نے مظاہرے میں وفاق اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مولانا شمس الدین ، مولانا جمال الدین ودیگر نے کہا کہ تمام رہنماؤں اور کارکنان کو رہا کیا جائے۔ گھوٹکی میں ضلعی امیر حافظ سراج احمد چنا، حماد اللہ چنا اور شریف مہر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے پریس کلب سے مین چوک تک ریلی نکالی۔ حب میں شہر کے مرکزی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر اور متعدد کو حراست میں لے لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments