وائلڈلائف رینجرز کی کارروائیاں، غیرقانونی شکار پر 6ملزم گرفتار
قبضے سے چار کالے تیتر بھی برآمد ، وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی
لاہور (آن لائن) چیف وائلڈلائف رینجر محمد وسیم کی زیر قیادت بہاولنگر اور چکوال میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق وائلڈلائف رینجرز بہاولنگر نے اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر آکاش ناتھن کی قیادت میں تحصیل منچن آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کالے تیتر کے چار غیرقانونی قابضین کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے چار کالے تیتر بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ ان کے خلاف وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔دوسری جانب ضلع چکوال میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر مرزا عابد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کتوں کے ذریعے جنگلی سور اور جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار میں ملوث دو شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ محکمہ وائلڈلائف نے دونوں ملزمان کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹا دیے ۔محکمہ وائلڈلائف حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات عمل میں لائے جائینگے۔