شہید جوان جہانگیر فوجی اعزاز کیساتھ مصطفی آباد میں سپرد خاک
جسدِ خاکی پر شہریوں نے پھول نچھاور کئے ، پاک فوج کے دستے کی شہید کو سلامی
قصور(خبر نگار، نمائندہ دنیا)وطن عزیز کی خاطر تربت میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان محمد جہانگیرکو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے مصطفی آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔شہید محمد جہانگیر کی نمازِ جنازہ مصطفیٰ آباد میں ادا کی گئی۔ شہید کا جسدِ خاکی آبائی علاقے پہنچنے پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شاندار استقبال کیا۔ نمازِ جنازہ میں ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، عسکری حکام اور مختلف مکتبہ فکر کے نمائندہ افراد سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی، جبکہ بریگیڈیئر اشتیاق نے شہید کے والد کو قومی پرچم اور وردی پیش کی اور آخری آرام گاہ پر گلدستے رکھے ۔اس موقع پر شہید کے والد مہر محمد علی نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوا ہے ، جس پر انہیں دلی فخر ہے ۔