یوم مہاجر پرندگان ، محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی تقریبات
شرکا نے مہاجر پرندوں کی نیٹنگ، ناجائز پکڑ دھکڑ کی حوصلہ شکنی کا عہد کیا
لاہور (آن لائن)محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں عالمی یوم مہاجرپرندگان کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات اور سیر کیلئے آنے والوں کو مہاجر پرندوں کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرایا گیا۔میانوالی میں چشمہ بیراج کے مقام پر ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر چشمہ حسین گشکوری، پیرووال میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد ، لودھراں میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر منور نجمی،وہاڑی زو میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر کلیم سرفرازاورراجن پور میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر صائمہ محسن کی سربراہی میں خصوصی آگاہی واکس،لیکچرز،سیشنز کا انتظام کیا گیا۔
شرکا کو مہاجر پرندوں کی ماحولیاتی اہمیت، قدرتی مساکن کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں انکے کلیدی کردار سے آگاہ کیا گیا انہیں بتایا گیا کہ مہاجر پرندے نا صرف قدرتی ماحول بلکہ انسانی زندگی کیلئے بھی بے حد مفید ہیں،یہ پرندے کسی علاقے کے ماحولیاتی نظام کی صحت اور قدرتی ماحول کی کیفیت جانچنے کیلئے اہم انڈیکیٹر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شرکانے محکمہ جنگلی حیات کے ساتھ مشترکہ طور پر مہاجر پرندوں اور انکے مساکن کے تحفظ کے اقدامات کیلئے اپنے بھر پور تعاون اورمہاجر پرندوں کی نیٹنگ اور ناجائز پکڑ دھکڑ کی حوصلہ شکنی کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے مہاجر پرندوں کی قدرتی آماجگاہوں کو محفوظ بنانے اور آلودگی سے پاک کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments